لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔ لاہور سب سے زیادہ متاثر، مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، ادھر خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
پنجاب میں ڈینگی کے مزید 501 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 6 اموات کے بعد صوبے میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 81 ہوگئی۔ پنجاب میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 595 ہوگئی۔ لاہور میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار 525 ہے۔
اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 19 مریض سامنے آئے، ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 190 ہوگئی۔ ڈینگی سے مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، مجموعی اموات کی تعداد 19 ہوگئی۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 1 ہزار 7 سو 87 مریض ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی، مزید 237 کیس رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 630 ہوگئی، پشاور سب سے زیادہ متاثر، مریضوں کی تعداد 4 ہزار 198 ہے۔ صوبے میں اب تک 9 افراد جان کی بازی ہار چکے۔