انتخابی اصلاحات سمیت اہم قانون سازی: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح گیارہ بجے ہوگا

Published On 10 November,2021 02:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح گیارہ بجے ہوگا، انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ، ادارہ جاتی اصلاحات اور کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق قانون سازی کی جائے گی۔ عمران خان آج ظہرانے پر حکومتی اور اتحادی ارکان کو پالیسیوں پر اعتماد میں لیں گے۔

کابینہ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ قانون سازی پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے تمام ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

عمران خان آج ظہرانے پر حکومتی اور اتحادی ارکان کو پالیسیوں پر اعتماد میں لیں گے۔ کابینہ اجلاس کے بعد شاہ محمود قریشی نے بھی اتحادیوں سے مشاورت کی اور انہیں قانونی سازی کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کچھ رہنماؤں نے بریفنگ کے بعد اپنی قیادت سے مشاورت کر کے آگاہ کرنے کا بھی کہا ہے تاہم اتحادی اراکین کی اکثریت کا ردعمل مثبت تھا۔