وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا

Published On 21 October,2021 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق بل مشترکہ اجلاس میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نومبر میں بلایا جائیگا، ای وی ایم اور عالمی عدالت انصاف سمیت دیگر بل مشترکہ اجلاس سے منظور کروائے جائیں گے۔ ای وی ایم کو قانون کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایات کی تھیں، حکومت سپریم کورٹ کی ان احکامات پر عملدرآمد کر رہی ہے، قانون سازی کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائیگا۔

مشیر برائے پارلیمانی امور کاکہنا تھا کہ اپوزیشن مذاکرات کے لئے کمیٹی کمیٹی کھیلنا چاہتی ہے، اپوزیشن نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سمیت کسی قانون سازی میں انہوں نے دلچسپی نہیں لی، اپوزیشن مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ایوان کے اندر کرے۔ سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ کا فورم ہے۔
 

Advertisement