قومی اسمبلی: عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

Published On 14 October,2021 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مشترکہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد پیش کی گئی، یہ قرار داد وزیر مملکت علی محمد خان نے قراردادپیش کیں۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے۔ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کو دفاع کو مضبوط کیا، یہ ایوان ڈاکٹر صاحب کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتا ہے۔ یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

قرار داد کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قومی نقصان ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے نامساعد حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کترے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان محسن پاکستان تھے، قائداعظمؒ نے ملک بنا کر دیا، ڈاکٹر عبدالقدیر نے دفاع کو ناقابل تسخیربنانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردارادا کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ کوئی شک نہیں ڈاکٹرعبدالقدیرپاکستان کے محسن تھے۔