صوابی:(دنیا نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےکہاہے کہ پاکستان امن کا سب سے بڑا داعی ہے، افغانستان میں امن کے قیام سے سینٹرل ایشیا میں اقتصادی تبدیلی رونما ہوگی جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری اور خاص طور پر گوادر سے سینٹرل ایشیاء میں کاروبار اور روزگار کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
پنج پیر صوابی میں ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ دنیا میں کورونا وباء کے بعد معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے عارضی بحران پیدا ہوا ،غریب اور متوسط طبقے کیلئے جلد ریلیف پیکج دیں گے ،وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو آزاد خارجی پالیسی دی جبکہ خطے میں بدلتی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا ، رشکئی سپیشل اکنامک زون کی تکمیل سے صوابی ، نوشہرہ ، مردان اور چارسدہ کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ،عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن صوابی میں یتیموں اور بیواؤں کو مفت تعلیم ، صحت اور رہائش کے مواقع دے گا ۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ صوابی کے عوام تمام تحریکوں میں پیش پیش رہیں ، ماضی میں چوٹھے صوبوں کی حق تلفی ہوتی تھی ،موجودہ دور میں خیبر پختونخوا ، بلوچستان سمیت سابق فاٹا کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، صوابی کو پہلی بار ملکی سیاست میں نمائندگی ملی ہے جبکہ صوابی میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔