اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی اسلام آباد پہنچ گئے، طالبان حکومتی عہدیداران کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی اسلام آباد پہنچ گئے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے استقبال کیا، تین روزہ دورے میں تجارت سمیت اہم امور پر بات چیت ہوگی، افغان وفد آج "ٹرائیکا پلس" اجلاس میں بھی شرکت کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان وفد میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور ورکنگ گروپس کے ممبران بھی شامل ہیں۔ طالبان حکومتی عہدیداران کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے 21 اکتوبر کو کابل کے دورے کے بعد ہو رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کی بحرانی صورتحال پر "ٹرائیکا پلس" اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔پاکستان ، امریکا، چین اور روس کے خصوصی نمائندگان اور ایلچی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کا افتتاح کریں گے۔
ترجمان کاکہناتھا کہ توقع ہے اجلاس سے افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کی کوششوں میں بڑی مدد ملے گی۔