کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے ہوا بازوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے کیلئے ایئر بس 320 کا فلائٹ سیمولیٹر نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی آئی اے میں اصلاحاتی عمل جاری، رواں سال دسمبر 2021 کے وسط تک ایئر بس 320 کا سیمولیٹر حاصل کر لے گا۔ سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے ہوا بازوں کو جدید خطوط پر ایئربس 320 کے فلائٹ سیمیولیٹر پر تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ایئربس 320 کے کپتان اور فرسٹ افسران کو اپنے لائسنس کی تجدید کیلئے سال میں دو دفعہ سیمولیٹر پر تربیت حاصل کرنے کیلئے بیرون ملک جانا پڑتا تھا جس پر ہزاروں ڈالر کے اخراجات برداشت کر نا پڑتے ہیں۔ تاہم ایئربس320 کے فلائٹ سیمولیٹر سے پی آئی اے کو سالانہ لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں طیاروں کی شمولیت اور سیمولیٹر کا اضافہ بزنس پلان کا حصہ ہے۔