حکومتی ٹیم آج متحدہ اپوزیشن کے سپیکر کو لکھے گئے جوابی خط کا جائزہ لے گی

Published On 14 November,2021 07:54 pm

لاہور:(دنیا نیوز) حکومتی ٹیم آج متحدہ اپوزیشن کے سپیکر کو لکھے گئے جوابی خط کا جائزہ لے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اہم قانون سازی پر اتفاق رائے کے لئے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھا تھا جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے خط متحدہ اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کو ریفر کردیا تھا۔

متحدہ اپوزیشن کی اسٹیرنگ کمیٹی نے جوابی خط اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کردیاہے اورمتحدہ اپوزیشن نے اتفاق رائے سے قانون سازی کے لئے اپنی تجاویز دی ہیں۔

حکومتی ٹیم آج اسپیکر سے رابطہ کرکے اپوزیشن کے خط کے مندرجات کاجائزہ لےگی جبکہ حکومتی ٹیم اس ضمن میں قابل عمل مشاورتی عمل کے حوالے سے اسپیکر کو اپنی رائے دےگی۔

قبل ازیں پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کو جوابی خط لکھا جس میں تجویز دی گئی ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر مشتمل سپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی میں انتخابی اصلاحات کے پورے پیکج کو زیرغور لایا جائے۔

پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کی سٹئیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس مں سپیکر قومی اسمبلی کے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کو لکھے گئے خط پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے بعد پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کو جوابی خط لکھ دیا۔ متحدہ اپوزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سپیکر کے خط کا جواب لکھا گیا۔

خط میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق درست طریقہ بتا دیا، خط میں کہا گیا کہ سپیکر نے 23 جون 2021 کو قانون سازی سے متعلق کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی نے 10 جون 2021 کو قومی اسمبلی سے منظور کردہ 21قانونی مسودات پر غور کرنا تھا، حکومت نے 21 قانونی مسودات پر قانون سازی کے لئے طے شدہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کمیٹی کے تین اجلاس 9 جون، 30 اگست اور9 ستمبر کو منعقد ہوئے، گزشتہ 8 ہفتوں میں اس کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا۔