پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس، سپیکر قومی اسمبلی اور ایم این اے عبدالقادر مندوخیل میں تلخ کلامی

Published On 17 November,2021 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اورپیپلز پارٹی کے عبدالقادر مندوخیل میں تلخ کلامی ہوگئی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر بابراعوان کی جانب سے ایوان میں آئٹم نمبر 3 پیش کرنے کے موقع پرگرما گرمی ہوگئی۔ اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے بلاول بھٹو کو تقریر کی دعوت دینے کا مطالبہ کیا اور بعض ارکان سپیکر کے ڈائس کے سامنے پہنچ گئے۔

اس دوران پیپلزپارٹی کے عبدالقادر مندوخیل اور سپیکر کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ سپیکر نے وارننگ دی کہ آپ طریقے سے بات کریں۔

سپیکر نے سکیورٹی کو عبدالقادر مندوخیل کوایوان سے باہر نکالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آپ اپنی حد میں رہیں میں آپ کو معطل کرتا ہوں انہیں باہرکریں۔

سپیکر نے بلاول سے مطالبہ کیا کہ جس طرح آپ کے رکن نے رویہ اختیار کیا آپ اس کا نوٹس لیں، سپیکر سے بات کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں۔