سیالکوٹ تا کھاریاں 4 رویہ سڑک کے منصوبے کی منظوری دیدی گئی

Published On 24 November,2021 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل نے سیالکوٹ تا کھاریاں 69 کلومیٹر 4 لین چوڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے ۔سیالکوٹ تا کھاریاں موٹر وے کو 6 لین تک چوڑا کیا جاسکے گا۔

مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سپارکو کے 27.91 ارب کی لاگت کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ منصوبہ کی منظوری دی گئی۔ ایکنک نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے دوسرے نظرثانی منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

نئے ائیرپورٹ کو ائیر بس اے 380، بوئنگ 747 اور 777 سمیت بڑے جہاز استعمال کرسکیں گے۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بنک کی فنڈنگ سے آئیسکو میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے پشاور اور نوشہرہ میں 16.69 ارب کے وارسک کینال سسٹم کی ری ماڈلنگ منصوبے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ ورلڈ بنک فنانسنگ کے حامل ایچ ای سی کے 12.78 ارب کے ترقیاتی منصوبے کی بھی منظوری ہے۔ ایکنک نے نالج اکانومی بارے 23.54 ارب سے پاک یونیورسٹی کے پہلے مرحلے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

کے پی کے شہروں میں معیار زندگی بلند کرنے کے 97.14 ارب کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، مینگورہ اور پشاور کی 60 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ آئی جے پی سے سرینگر ہائی وے تک 12.139 ارب کے ٹینتھ ایونیو منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں گریٹر تھر کینال منصوبہ مزید غور کیلئے موخر کردیا گیا۔