سیالکوٹ: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، اس بار جھرلو نہیں چلے گا، عمران نیازی نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو جائے تو وزیراعظم چور ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 170 تک پہنچ گیا، اب چور کون ہے ؟ اس کرپٹ حکومت کے خلاف ہمیں جنگ لڑنی ہو گی، جادو ٹونا کی بات کروں تو اعتراض کیا جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں کامیابی معمولی معرکہ نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا، اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوگئی، پورے پنجاب میں تحریک انصاف کو مسترد کر دیا، سوا تین برس میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، عوام کا حکومت سے دل بھر گیا، اے ٹی ایمز کو اربوں روپے کا ڈاکا ڈالنے کی اجازت دی گئی، ان کے ہاتھوں ملکی معیشت کی بربادی ہو رہی ہے۔
قبل ازیں لیگی رہنما خواجہ آصف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنوٹنمنٹ بورڈ انتخابات ایک فیصلہ کن سروے ہے، اگر الیکشن شفاف ہونگے تو نواز شریف کے سپاہی کراچی سے پشاور تک جیتیں گے، پاکستانی عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈال کر ن لیگ کی کارکردگی کی شہادت دی ہے، مسلم لیگ ن نے سیالکوٹ کیلئے ترقیاتی کام کئے، نواز شریف نے سیالکوٹ کو موٹروے دینے کا وعدہ کیا تھا جو وفا کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج بجلی نہیں ہے، اگر ہے تو اس ریٹ پر ہے جو امیر آدمی بھی برداشت نہیں کرسکتا، آج ملک میں گیس کی کمی کا سامنا ہے، سارا ملک گواہی دیتا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہماری پارٹی نے ملک سے دہشتگردی ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ 112 روپے پر ڈالر چھوڑ کرگئے تھے آج 172 پر بھی نہیں مل رہا، ایک افراتفری کا دور ہے، ملک میں حالات اچھے نظر نہیں آ رہے، کل نیوزی لینڈ کی ٹیم واپس چلی گئی، یہ تو کرکٹ کے ماہر اور بے تاج بادشاہ تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، حکومت کے ہر جھوٹے مقدمے نے ہمارے حوصلے کو بلند کیا، مسلم لیگ ن نے وفاق اور صوبے میں خدمت کا معیار قائم کیا، یہ جتنا مرضی جھوٹ بول لیں، عوام کے دلوں سے ن لیگ کو نہیں نکال سکتے۔