نسلہ ٹاور کی مسماری کے خلاف احتجاج،پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ

Published On 26 November,2021 04:28 pm

کراچی:(دنیا نیوز )نسلہ ٹاور کی مسماری کے معاملے پر عمارت کے رہائشی ، بلڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش گئی جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جبکہ رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود ہے۔

تفصیلات کےمطابق کراچی کے نسلہ ٹاور کے باہر مظاہرین کی جانب سے احتجاج کیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا گیا ،نسلہ ٹاور کو مسمار کرنے کے معاملے پر ہنگامہ آرائی کے بعد صورتحال قابو میں آگئی اورعمارت کے اطراف میں رینجرزاور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ٹاور کو گرانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد بھی نسلہ ٹاور سے نزدیک موجود ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نسلہ ٹاور مسماری کے امور جاری اورشاہراہ فیصل اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

مظاہرین کی جانب سےمطالبہ کیا گیا ہے کہ نسلہ ٹاور کو گرانے سے سے رکوایا جائے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پرموجود ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مظاہرین شاہراہ فیصل بند کرنا چاہتے تھے، مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی گئی جبکہ مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی۔ 

پولیس اور رینجرز حکام کی جانب سے مظاہرین کو کہا گیا کہ سڑک کوبلاک نہ کریں جبکہ مظاہرین کوگلیوں میں دھکیل دیا گیا اورانتظامیہ سے پولیس کے اعلیٰ افسران کے مذاکرات جاری ہیں۔

قبل ازیں نسلہ ٹاور کےباہر احتجاج سے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا تھا،ایف ٹی سی سے نرسری آنے والے شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ نرسری سے شاہراہ قائدین جانے والی سڑک ٹریفک کے لیئے بند کردی گئی تھی ۔

نسلہ ٹاور پر احتجاج کے حوالے سے کراچی پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تعینات کی جاتی ہے ، نسلہ ٹاور پر پولیس کی جانب سے کسی پر تشدد نہیں کیا گیا۔

کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سڑک بلاک کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو پولیس نے روکا ، جہاں احتجاج یا مظاہرہ ہو وہاں پولیس کو نقص امن کے خدشے کے تحت تعینات کیا جاتا ہے ، پولیس نے امن وامان کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں جبکہ پولیس آئندہ بھی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ڈیوٹی ادا کرتی رہے گی۔
 

Advertisement