لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے، اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات، سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے وزیراعلی عثمان بزدار کو محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ اتفاق رائے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کے مسودہ قانون کی منظوری دے چکی ہے، نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا، نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے، نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔