اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے کہا کہ توہین عدالت کا استعمال جج کی عزت بچانے کیلئے نہیں مفاد عامہ کیلئے ہے، توہین عدالت کیس عدالت اور توہین کنندہ کے درمیان ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اگر رانا شمیم بیرون ملک فرار ہو گئے تو تمام کارروائی بے سود ہوگی، عدالت سے استدعا ہے کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے یا پاسپورٹ سرینڈر کرنے کا کہا جائے۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ نام ای سی ایل میں ڈالنا ہے یا نہیں، حکومت کا کام ہے عدالت کا نہیں۔