لاہور: (لاہور نیوز) شاہدرہ کے علاقے میں پلاسٹک گودام کے باہر پڑے سکریپ میں اچانک زوردار دھماکا ہوا، ایک مزدور شدید زخمی ہو گیا۔
لاہور کا علاقہ شاہدرہ دھماکے سےگونج اٹھا۔ دھماکا فضل پارک میں پلاسٹک گودام کے باہر پڑے سکریپ میں ہوا۔ دھماکے میں سنی اشرف نامی مزدور شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک زور دار دھماکے سے دھواں اٹھتا ہے جبکہ مزدور سنی اشرف بھاگتا ہوا گر جاتا ہے۔
عینی شاہد نصیر احمد نے بتایا کہ اچانک دھماکے کی آواز آئی جس سے مزدور سنی زخمی ہوا۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی شاہدرہ محمد ناصر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں دھماکا بارودی مواد کا نہیں لگتا کسی کیمیکل ری ایکشن یا پرفیوم کی بوتلوں کا دھماکا ہے۔
سی ٹی ڈی سمیت بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیموں نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔