بیجنگ: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے امریکا کی ڈیمو کریسی سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر چین کا اسلام آباد کے حق میں بڑا بیان سامنے آ گیا ۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے جمہوریت کے عنوان پر بلائی جانے والی ورچوئل سمٹ 10 دسمبر تک جاری رہے گی جس میں شرکت کے لیے برازیل، پولینڈ، اسرائیل، بھارت اور پاکستان سمیت تقریباً 110 ممالک کو دعوت دی گئی ہے۔ جبکہ روس، چین، یورپی ملک ہنگری اور نیٹو اتحادی ترکی کومدعو نہیں کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چین کی وزارت خارجہ کے محکمہ اطلاعات کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے ٹویٹ کی۔
ٹویٹر پر انہوں نے پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے دیا گیا بیان تصویر کی صورت میں شیئر کیا۔
Pakistan declined to attend democracy summit. A real iron brother! pic.twitter.com/oTjHHlNPM3
— Lijian Zhao 赵立坚 (@zlj517) December 9, 2021
ترجمان ژاؤ لیجیان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے جمہوریت سربراہی اجلاس میں شرکت سے انکار کرکے چین کا حقیقی بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کی جمہوریت پر سمٹ،پاکستان کا شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ڈیموکریسی سمٹ کے لیے مدعو کیے جانے پر شکریہ تو ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس موضوع پر مستقبل میں ’مناسب وقت‘ پر بات کرے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جسے ہم دونوں ہی دو طرفہ کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے طور پر بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہم ڈیموکریسی سمٹ کے لیے پاکستان کو مدعو کرنے پر امریکہ کے شکر گزار ہیں۔
تاہم بیان میں اس ڈیموکریسی سمٹ کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ کئی مسائل پر رابطے میں ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ ہم اس موضوع پر مستقبل میں کسی مناسب وقت پر بات کریں گے۔