چین تائیوان میں ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دیگا:شی جن پنگ کی بائیڈن کو تنبیہ

Published On 16 November,2021 07:26 pm

بیجنگ:(دنیا نیوز) امریکا اور چین کے سربراہان مملکت نے دونوں ملکوں کے مابین موجودہ کشیدگی کو ختم کرنے پر زور دیا جبکہ شی جن پنگ نے جوبائیڈن کو تنبیہ کی کہ چین تائیوان میں ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور چین کے سربراہان مملکت کے مابین آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، سربراہان کی میٹنگ خواشگوار ماحول میں ہوئیاور دونوں نے کھری باتیں کیں ۔

امریکی صدر جو بائیڈن اورچینی صدر شی جنگ پنگ کے درمیان مذاکرات 3 گھنٹے جاری رہے جبکہ جو بائیڈن نے چینی ہم منصب پر انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے پر زور دیا۔

شی جن پنگ نے جوبائیڈن کو تنبیہ کی کہ چین تائیوان میں ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دے گا جبکہ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ امریکا اور چین کی مسابقت کو تصادم میں نہ بدلنے دیں۔

امریکی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان "ایمانداری پر مبنی"رابطوں پر زور دیا اور کہا کہ تائیوان، ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے معاملے پر امریکا ، چین تعلقات خرابی کا شکار ہوئے ۔
 

Advertisement