تیاریاں مکمل، 19 دسمبر کو او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرینگے: دفتر خارجہ

Published On 10 December,2021 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ 19 دسمبر کو افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرینگے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ امید ہے اجلاس سے افغانستان کی انسانی امداد کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں بنیں گے، ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہیں، اقوام متحدہ کی ماحول سے متعلق گلاسگو کانفرنس میں عدم شرکت پر جو بیانات آئے ان میں کوئی حقیقت نہیں، امریکا کے ساتھ ہم مستقل رابطے میں ہیں اور اعلیٰ سطح امریکی کمیٹیوں کے ارکان پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے معاملے پر چین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، امید ہے جلد چین اس مسئلے کو حل کر لے گا، پاکستان چین امریکا کے مابین اچھے تعلقات چاہتا ہے، چین میں سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا پاکستان اولمپکس میں شرکت کرے گا، کھیلوں کے ایونٹس کو سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے، چینی اولمپکس کی مخالفت اچھا اقدام نہیں، تمام ممالک کو سرمائی اولمپکس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان 19 دسمبر کو افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا، امید ہے اجلاس سے افغانستان کی انسانی امداد کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پریانتھا کمارا کی موت پر سری لنکا سے اظہار تعزیت بھی کی۔