اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے گردوارہ دربار صاحب واقعے پر واویلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی گردوارے پر پیش آئے واقعے پر منفی مہم انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
گردوارہ دربار صاحب واقعے پر بھارت جانب سے واویلا کیا گیا ، جس کے بعد ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے سینئرسفارتکار کو دفترخارجہ طلب کیا گیا۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے کئے گئے واویلے کو مسترد کر دیا اور بھارتی سفارتکار کو بھارتی پروپیگنڈے پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان نے کہا پاکستان اقلیتی برادری کےحقوق، مذہبی مقامات کے تقدس کاخیال رکھتا ہے، بھارت کی گردوارے پرپیش آئے واقعے پر منفی مہم انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے غیرمحفوظ اور بدنام ترین بھارت کواقلیتوں کےحقوق کی بات کرنازیب نہیں دیتا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سکھوں کے مذہبی مقام کرتارپور گردوارہ کے احاطے میں ماڈلنگ کے واقعے کا نوٹس لیا تھا جبکہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے بھی اس واقعے پر تنقید کی تھی ۔