اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جھوٹے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان بھارتی فورسز نے 5 معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا، ہندتوا سوچ کاحامل بی جے پی اور آرایس ایس گٹھ جوڑ مصوم کشمیریوں پر وحشیانہ ظلم کررہا ہے۔
ترجمان کے مطابق معصوم کشمیریوں پر اجتماعی تشدد کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا بھی جاری ہے، نئی دہلی میں مبینہ پاکستانی کی گرفتاری کا الزام بھارتی پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے، مہم کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنے ظلم و بربریت سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم پر بھی پردہ ڈالنا چاہتی ہے ، بھارتی پراپیگنڈہ جھوٹا اور پاکستان کے خدشات کو ثابت کرتا ہے، کئی بار کہہ چکے بھارت پاکستان اورکشمیریوں کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹا فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے، پاکستان اور کشمیری بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے سے نٰہیں ڈریں گے، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔