سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری ہے، جہاں پر قابض فوجیوں نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو قابض فوجیوں نے ضلع کے علاقے اوڑی میں تلاشی اور محاصرے کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔علاقے میں دوہفتے سے جاری کارروائی کے دوران فوجیوں نے 7 نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ علاقے میں حملوں میں چار بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
ادھر پلوامہ کے علاقے ترال میں گزشتہ شام گھروں پر چھاپوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے گھناﺅنے جرائم کے خلاف علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لوگوں نے پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل کر ”گو انڈیا گو بیک “کے نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے گھروں میں زبردستی داخل ہو کر شہید کشمیری کے اہلخانہ بشمول بیٹی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑپھوڑ کی۔ شہید کشمیری کی بیٹی کو زخمی حالت میں مقامی ہسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔ فوجیوں نے پلوامہ اور سرینگر کے علاقوں میں چھاپوں کے دوران تین کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمانStephane Dujarric نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ ہمیشہ پرامید رہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت ہو سکتی ہے اوریہ بات چیت درپردہ بھی ہوسکتی ہے۔