لاہور: (دنیا نیوز) لاہور آلودگی کی دوڑ میں ایک بار پھر آج دنیا بھر میں سرفہرست ہے، کراچی چھٹے نمبر پر آ گیا۔ شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
لاہور شہر آلودگی کی دوڑ میں پہلے نمبر پرہے، شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 321 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈیوس روڈ میں سب سے زیادہ آلودگی 592 اے کیو آئی، گلبرگ 421 ،کوٹ لکھپت 415 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے 390، ایڈن کاٹیجز 402 اور بحریہ ٹاؤن میں 398 اے کیو آئی سامنے آیا ہے۔ علامہ اقبال ٹاون میں 414 اور انارکلی 414 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 تک جانے کے امکانات ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی دنیا بھر میں 6واں آلودہ ترین شہر ہے جس کا اے آئی کیو168 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب صبح سویرے دھند بھی اپنا اثر دکھا تی رہی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا، دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔