اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے غیر قانونی الاٹمنٹ کے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 جنوری کو طلب کر لیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر اور دیگر کیخلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کیس کی سماعت کی۔ شریک ملزم راشد عقیل کی موت کی تصدیقی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جبکہ عدالت نے سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
احتساب عدالت نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا، سابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم اسی رؤف اختر فاروقی اور ممتاز حیدر سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 جنوری کو طلب کر لیا۔ ملزمان پر مبینہ طور پر پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے لیے ایک ارب روپے وصول کا الزام ہے۔