لاہور: (دنیا نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگا رہے ہیں، اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے، 3 سال میں 20.7 ٹرلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے، آج ہفتہ وار رپورٹ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہو گئی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کیا 3 سال میں ریکارڈ قرضے، مہنگائی، بیروزگاری اور بحرانوں کے ذمہ دار بھی موجودہ حکومت نہیں کوئی اور ہے ؟ حکومت کب اپنی ذمہ داریاں قبول کرے گی ؟ شاید ان کو ابھی تک احساس نہیں ہوا کہ یہ حکومت میں ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو لگتا ہے ان کے علاوہ سب سیاست میں کرپشن کرنے آئے ہیں، لیکن ملک کی اکثریت سمجھتی ہے اس حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، اس بار انتخابات میں لوگ آپ سے آپ کی کارکردگی کا پوچھیں گے، آپ دوسروں پر الزام لاگا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔