حیدر آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی 13سالہ ناقص کارکردگی کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں ، ان کو جواب دینا چاہئے
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ عمران خان کا بنی گالا کا خرچ جہانگیر ترین اٹھاتے ہیں ، خان صاحب نے کبھی زندگی میں پیسے نہیں کمائے تو اتنے بڑے گھر میں کیسے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ 65فیصد گیس پیدا کرتا ہے ، یہاں کے لوگوں کے پاس گیس نہیں ہے۔ سندھ کو اگر وسائل مل جائیں تو غربت ختم ہوسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی 13سالہ ناقص کارکردگی کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں ، ان کو جواب دینا چاہئے ، ان کے دور حکومت میں سندھ میں نہ تو کارخانے لگے نہ ہی کاروبار کے مواقع فراہم کئے گئے، بیروزگاری آسمان کو پہنچ گئی، سندھ حکومت تمام وسائل اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب الیکشن آرہے ہیں تو ایم کیوایم بلدیات کی بات کررہی ہے ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں ۔ پی ٹی آئی کی حکومت بھی ناکام ہوگئی ہے انہوں نے کوئی کام نہیں کیا ، ان کے دور حکومت میں بجلی، گیس، تیل، کھاد اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ ہوگیا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اقتدا رمیں آکر سندھ سے غربت ختم کرے گی جس طرح مسلم لیگ(ن) نے پنجاب میں کام کئے ہیں اسی طرح سندھ میں بھی ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ سابقہ مشیر خزانہ شبر زیدی کی بات غلط ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوگیا ہے لیکن یہ بات سچ ہے کہ عمران خان کی حکومت ملک کو دیوالیہ ہونے کی طرف لے جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے دو رمیں سی پیک کے اندر کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی اگر بدعنوانی ہوتی تو ہمارے دور کی سی پیک کی فائل عمران خان کی ٹیبل پر پڑی ہے وہ ہمیں کبھی نہیں چھوڑتے۔