اسلام آباد:(دنیا نیوز)تہران،اسلام آباد اور استنبول مال بردار ٹرین کا آغاز ہوگیا ہے اورٹرین وفاقی دارالحکومت کے مار گلہ ریلوے اسٹیشن سے چلے گی ۔
افتتاحی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی، مشیر تجارت عبدالرازق داؤد اور ترکی کے سفیر نے شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو چکے ہیں، مال بردارٹرین کا آغازحکومت کا بڑا کارنامہ ہے، جلد مسافر ٹرینیں بھی چلیں گی۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ مال بردار ٹرین کا آغاز بڑا کارنامہ ہے، اس سے کاروباری روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
مشیر تجارت رزاق داؤدنے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب افغانستان کے راستے یورپ تک ریلوے ٹریک ہوگا۔
اس موقع پر ترکی کے سفیر احسن مصطفیٰ نے کہا کہ دور حاضر میں علاقائی روابط انتہائی اہم ہیں۔ ٹرین سروس سے باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔