اسلام آباد:(دنیا نیوز)سی پیک کے ثمرات حاصل ہونے لگے، ایک اور توانائی منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا، کروٹ ہائیڈل پاور منصوبے پر 93فیصد کام مکمل ہونے کے بعد ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع کردیاگیا جبکہ منصوبے سے روزانہ 720 میگا وواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
دریائے جہلم پر صوبہ پنجاب اور آزاد جموں کشمیر کے سنگم پر بننے والے اس پن بجلی منصوبے پر چینی کمپنی نے دسمبر 2016 میں کام کا آغازکیا۔منصوبے پر اب تک 93 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جو جون 2022 میں مکمل ہو گا۔
کروٹ ہائیڈل پاور منصوبے پر 1.7 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی اور اس سے یومیہ 720 میگا وواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے میں پانی کے ذخیرے کا بالائی بہاؤ27 کلومیٹر آزاد پتن تک ہے جبکہ ڈیم کے اندر پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع ہو چکا۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے اس منصوبے میں پاک فوج اور ایس ایس ڈی نارتھ کا بھی کلیدی کردار رہا۔
فورسز نے اس قومی اثاثے کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کامربوط نظام مرتب کیا جس کے تحت آرمی، رینجرزاور پولیس کے جوان دن ر ات فرائض انجام دے رہے ہیں۔