لاہور: (دنیا نیوز) ڈی جی نیب لاہور میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کا تبادلہ، شہزاد سلیم کو اے اینڈ پی ڈویژن نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد تعینات کر دیا گیا۔ نیب اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیب لاہور نے 4 برسوں کے دوران میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کی سربراہی میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 1999ء سے اب تک 148 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کروائی گئی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا جبکہ قومی اور بین الاقوامی فورمز پر بھی نیب لاہور کی چار سالہ کارکردگی کو خوب پذیرائی ملی۔ ان ڈائریکٹ ریکوری 78 ارب روپے اور ڈائریکٹ ریکوری 10 ارب روپے رہی۔ 60 ارب روپے کے شواہد اکٹھے کر کے کیسز عدالتوں میں بھجوائے گئے۔
میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم نے بطور ڈی جی نیب لاہور 10 ارب روپے سے زائد کی براہ راست ریکوری قومی خزانے میں جمع کرائی۔ 23 سے زیادہ کیسز میں بلاواسطہ 78 ارب روپے سے زائد ریکور کروائے گئے۔ نیب لاہور کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکوری ڈی جی شہزاد سلیم کے دور میں ہوئی۔
یاد رہے میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کو چند ہفتے قبل گریڈ 21 میں ترقی دیدی گئی تھی۔ اب ان کو نیب ہیڈکوارٹرز میں اہم عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔