کراچی میں گیس بحران: پی ٹی آئی ارکان کا حماد اظہر کی برطرفی کا مطالبہ

Published On 24 December,2021 11:32 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گیس کے بدترین بحران پر تحریک انصاف کے اراکین ‏اسمبلی پھٹ پڑے اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور ایم ڈی سوئی سدرن کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی سے منتخب ارکان قومی اسمبلی عبدالشکور شاد اور جمیل احمد خان نے گیس بحال نہ ہونے پر سوئی سدرن ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کر دیا۔ عبدالشکور شاد کا کہنا تھا کہ فوری فیصلے نہ کیے گئے تو پی ٹی آئی کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ایم این اے جمیل احمد خان نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھ کر گیس کی قلت سے شہریوں کو ہونے والی پریشانی کا ذکر کیا۔

یاد رہے کچھ روز قبل کراچی میں گیس بحران بے قابو ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے راجہ اظہر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو انتباہی خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ کراچی بلخصوص میرے پورے حلقہ 97 میں گیس بحران شدید تر ہوگیا ہے، گیس بحران پر شہری سوئی گیس اور وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ صورتحال پی ٹی آئی کے ہاتھوں سے نکل رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں نقصان پہنچائے گی، وزیراعظم، وزیر توانائی گیس بحران پر نوٹس لیں، کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، انہیں مایوس نہ کریں۔
 

Advertisement