حماد اظہر کو شکایتی خط،پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب صدیقی نے استعفیٰ دیدیا

Published On 22 December,2021 07:05 pm

کراچی:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر حماد اظہر کو شکایتی خط لکھنے کے ایک روز بعد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ایم این اے آفتاب صدیقی نے پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں گیس بحران پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے حماد اظہر کے رویے کو انتہائی شرمناک قرار دے دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ میرے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے، اکتوبر سے گیس کا ایشو چل رہا ہے، آپ کو بارہا میسیج بھی کیے لیکن آپ نے کوئی جواب نہیں دیا، آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے۔

گیس بحران:پی ٹی آئی ایم این اے نے حماد اظہر کا رویہ انتہائی شرمناک قرار دیدیا

شکاتی خط لکھنے کے بعد حکومتی پالیسیوں سے ناراض رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اہم زمہ داری سے سبکدوش ہوگئے اور انہوں نے وزارت بحری امور کے پارلیمانی سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

آفتاب صدیقی نے چیف وہپ عامر ڈوگر کو استعفیٰ ارسال کیا اور لکھا کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کام جاری نہیں رکھ سکتا، درخواست ہے کہ استعفیٰ کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔

خیال رہے کہ آفتاب صدیقی کو 13 دسمبر 2019 کو پارلیمانی سیکرٹری میری ٹائم افئیر مقرر کیا گیا تھا۔
 

Advertisement