اسلام آباد:(دنیا نیوز)ملک میں گیس بحران پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے حماد اظہر کے رویے کو انتہائی شرمناک قرار دے دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ میرے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے، اکتوبر سے گیس کا ایشو چل رہا ہے، آپ کو بارہا میسیج بھی کیے لیکن آپ نے کوئی جواب نہیں دیا، آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے۔
آفتاب صدیقی نے کہا کہ یہی رویہ رہا تو بلدیاتی الیکشن میں کے پی کی طرح کراچی میں بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، این اے 247 کے رہائشی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں،میرے حلقے میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ حلقے کی گیس پائپ لائنز میں لیکیج بھی ہے مگر سوئی سدرن نے نئی پائپ لائنز نہیں ڈالیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ میرے حلقے بالخصوص ڈی ایچ اے میں گیس کی کمی کا نوٹس لیں۔