اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر کام میں مداخلت نہ کی جائے، حکومت تجربے کیلئے 50 مشینیں بھی نہیں دے رہی۔
ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے تجرباتی استعمال کیلئے 17 دسمبرکو ووٹنگ، گنتی اور دوبارہ گنتی کی خصوصیات کی حامل 50 مشینیں مانگی گئیں، لیکن تاحال خط کا کوئی جواب ہی نہیں ملا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ای وی ایم پر ہمارے کام میں مداخلت نہ کی جائے، کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ آئین اور قانون کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے پابند ہیں، قانون سازی سے پہلے ہی ٹیکنالوجی کے استعمال پر اقدامات کررہے تھے، بین الاقوامی ٹینڈر کے علاوہ ديگر 19 مراحل بھی اہم ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی معیار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیسرے فریق سے ٹیسٹنگ ضروری ہے۔