اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تنظیموں کی تحلیل کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان کیا ہے، اسد عمر تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل ہوں گے جبکہ پرویز خٹک خیبر پختونخواہ کے اور علی زیدی سندھ کے صدر ہوں گے۔
چئرمین تحریک انصاف جناب عمران خان نے عامر محمود کیانی کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد کیا ہے https://t.co/MHsL3c1dSf
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 25, 2021
اس کے علاوہ قاسم سوری کو بلوچستان، شفقت محمود کو پنجاب اور خسرو بختیار کوجنوبی پنجاب کا صدور نامزد کیا گیا ہے۔ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے عامر کیانی کو ایڈیشنل سیکرٹری جنرل بنا دیا ہے۔
عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی: اسد عمر
وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نئے سیکرٹری جنرل کا عہدہ ملنے کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف مزید مضبوط تر ہو گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی میں ایک اہم عہدہ اعزاز بھی ہے اور بہت بڑی ذمہ داری بھی۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں اور ووٹرز کی توقعات کے مطابق تحریک انصاف مزید مضبوط تر ہو گی، اس پارٹی کے ورکرز اس کا سرمایہ ہیں جن کی مثال کسی اور پارٹی میں نہیں ملتی۔
پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی میں ایک اہم عہدہ اعزاز بھی ہے اور بہت بڑی ذمہ داری بھی. انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں اور ووٹرز کی توقعات کے مطابق تحریک انصاف مزید مضبوط تر ہو گی. اس پارٹی کے ورکرز اس کا سرمایہ ہیں، جن کی مثال کسی اور پارٹی میں نہیں ملتی
— Asad Umar (@Asad_Umar) December 25, 2021
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست پر گزشتہ روز پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں اور ونگز تحلیل کرتے ہوئے 21 رکنی آئینی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں نئی تنظیم سازی کی جائے گی۔