پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بارش،لاہور میں بونداباندی سے سردی بڑھ گئی

Published On 26 December,2021 08:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بادلوں اور بارش کی انٹری سے موسم دلفریب ہو گیا، پنجاب کے کئی شہروں میں ابر کرم برسا، زیارت سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

ملک بھرمیں بادلوں کے ڈیرے، کہیں گھنگھور گھٹائیں چھا گئیں تو کہیں بادل چھماچھم برسے۔ لاہور میں بوندا باندی سے موسم حسین ہوگیا۔ پیرمحل، شور کوٹ اور جھنگ میں بارش نے خوب رنگ جمایا۔ چشتیاں،ظاہر پیر،وہاڑی میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، گوجرہ، بہاولنگر، بہاولپور، احمد پورشرقیہ میں بھی ابررحمت برسی۔

زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے وادی کے حسن کو دوبالا کر دیا، سیاحوں نےخوب انجوائےکیا۔ کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بھی بارش برسی۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برفباری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی،درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔
 

Advertisement