لاہور: (دنیا نیوز) نئے سال میں پاک بھارت مذہبی سیاحت کا آغاز ہوگیا۔ سکھ یاتریوں کے بعد ہندو یاتری بھی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستانی حکام نے بھارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
159 ہندویاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان ہندوکونسل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ بھارتی ہندو یاتری پہلی بار شری پرم ہرم مہاراج کی سمادھی کی یاترا کریں گے۔
ہندو یاتری 4 روزہ دورے میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، کٹاس راج مندر، راجا رنجیت سنگھ کی سمادھی، مینار پاکستان، شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد لاہور سمیت دیگر تاریخی مقامات پر بھی جائیں گے۔
ہندو یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، بہت اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل کی کاوشوں کی بدولت مذہبی سیاحت کا سلسلہ شروع ہوگیا، بھارت سمیت مختلف ممالک سے ہندویاتری پاکستان پہنچے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ 20 جنوری کو پاکستانی شہریوں اور پارلیمانی نمائندوں کو بھارت میں درگاہ نظام الدین اولیا اور درگاہ اجمیر شریف کی زیارت کیلئے چار روزہ دورے پر لے جایا جائے گا۔ دونوں ممالک سے ہر مہینے پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔