2021 ہوا رخصت،نیوزی لینڈ،آسٹریلیا میں2022 کا آغاز

Published On 31 December,2021 04:20 pm

آکلینڈ:(دنیا نیوز)2021رخصت ہوا ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں 2022 کا آغاز ہوگیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں نئے سال کو وارم ویلکم کیا گیا، آکلینڈ میں شاندار لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا اور منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا جبکہ آسٹریلیا میں سال نو کی خوشی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور سڈنی ہاربر برج روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

سڈنی ہاربر برج پر آتش بازی

دوسری جانب گوگل بھی نئے سال کی خوشیوں میں شریک ہے اور اس نے اپنے ڈوڈل کو تبدیل کردیا ہے۔

کراچی میں دفعہ 144نافذ کردی گئی

پاکستان میں بھی 2022کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں، منچلوں نے کمر کس لی ہے جبکہ انتظامیہ بھی چوکس ہوچکی ہے، لاہور میں آتش بازی کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اسلام آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، کراچی میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

تلخ و شیریں یادیں لیے سال2021 کا آخری سورج مغرب میں جا سویا

 حسرت و یاس، غم اور خوشی، کہیں شادیانے،کہیں ماتم، تلخ و شیریں یادیں لیے سال2021 کا آخری سورج مغرب کی آغوش میں جا سویا۔

لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 2021کے سورج کے غروب ہونے کا خوبصورت نظارہ کیا گیا۔

سال 2021 میں کبھی خوشی کبھی غم،پر مسرت اور مشکل اوقات کا سامنا رہا ،کورونا کے حملے جاری رہے مگر 2020 کی نسبت خوف کم ہوا ،سال کے اوائل میں کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ شروع ہوا، مہنگائی کے حملے صورتیں بدل بدل کر تسلسل سے جاری رہے جبکہ اہل لاہور نے نئے سال سے نئی امیدیں اور توقعات وابستہ کر لی ہیں۔

Advertisement