الوداع سال 2021 ، خوش آمدید 2022، پاکستان میں نئے سال کا آغاز

Published On 31 December,2021 05:56 pm

لاہور:(دنیا نیوز) حسرت و یاس، خوشی اور غم، کہیں شادیانے،کہیں ماتم، تلخ و شیریں یادیں لیے سال 2021رخصت ہوگیا اور 2022 کو خوش آمدید کہہ دیا گیا ، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں نئے سال کا آغاز ہوگیا۔

لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 2021کے سورج کے غروب ہونے کا خوبصورت نظارہ کیا گیا۔

سال 2021 میں کبھی خوشی کبھی غم،پر مسرت اور مشکل اوقات کا سامنا رہا ،کورونا کے حملے جاری رہے مگر 2020 کی نسبت خوف کم ہوا ،سال کے اوائل میں کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ شروع ہوا، مہنگائی کے حملے صورتیں بدل بدل کر تسلسل سے جاری رہے جبکہ اہل لاہور نے نئے سال سے نئی امیدیں اور توقعات وابستہ کر لی ہیں۔

 خیبرپختونخوا میں نئے سال کے آغازکے موقع پرجشن منایا گیا،پشاور کے مختلف علاقوں میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ عوام بھی بہت پرجوش نظر آئے۔

کراچی میں بھی شاندار تقریب سجائی گئی، ڈانسنگ فاؤنٹین کا مظاہرہ بھی کیا گیا،شہر بھر سے آئے شہریوں نے رنگ رنگا نظارے دیکھے ۔

میوزیکل سیشن منعقد ہوا تو نیو ائیر نائٹ کا مزہ دوبالا ہوگیا ،نجی ہاؤسنگ انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شہر بھر سے آئے شہریوں نے سال نو کو بھرپور انداز میں ویلکم کیا۔

اسلام آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی، کراچی میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کی گئی ۔

تلخ و شیریں یادیں لیے سال2021 کا آخری سورج مغرب میں جا سویا

حسرت و یاس، غم اور خوشی، کہیں شادیانے،کہیں ماتم، تلخ و شیریں یادیں لیے سال2021 کا آخری سورج مغرب کی آغوش میں جا سویا۔

لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 2021کے سورج کے غروب ہونے کا خوبصورت نظارہ کیا گیا۔

 سڈنی ہاربر برج پر آتش بازی

دوسری جانب نیوزی لینڈ میں 2022کا آغاز ہوگیا، نئے سال کو وارم ویلکم کیا گیا، آکلینڈ میں شاندار لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا اور منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔گوگل بھی نئے سال کی خوشیوں میں شریک ہے اور اس نے اپنے ڈوڈل کو تبدیل کردیا ہے۔

آسٹریلیا میں سال نو کی خوشی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور سڈنی ہاربر برج روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

 نیوزی لینڈ کے لائٹ شو

Advertisement