پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کےلیے ہمیشہ کی طرح سال 2021 میں بھی قربانیاں دیں۔ پولیس کے 50 کے قریب اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، پشاور سمیت صوبہ بھر میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنائے۔
خیبرپختونخوا پولیس سربراہ معظم جاہ انصاری کے مطابق کے پی پولیس نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سال 2021 میں بھی دہشت گردی کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد پر قابو پانے کےلیے بھرپور کارروائیاں کیں، سال بھر میں مختلف واقعات کے دوران پولیس کے 48 جوان شہید ہوئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے سخت حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے گئے۔ پولیس مقابلوں میں 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے جبکہ 599 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن کی گرفتاری پرلاکھوں روپے انعام مقرر تھا۔
مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ہزار کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد، سینکڑوں دستی بم، 5 خودکش جیکٹس اور 30 ہزار سے زائد ڈیٹو نیٹرز برآمد کر کے ناکارہ بنائے گئے۔