لاہور: (دنیا نیوز) سال 2021 کا سورج غروب ہونے کو ہے، یہ سال اپنے ساتھ شوبز کی دنیا کے بہت سے روشن افق بھی اندھیر کر گیا۔
مارچ 2021 میں پاکستان کی مایہ ناز ڈرامہ نگار حسینہ معین کینسر کے مرض سے مقابلہ کرنے کے بعد 79 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملیں، انہوں نے سٹیج، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے متعدد ڈرامے لکھے جن میں ویمن ایمپاورمنٹ ، خاندانی اقدار ، تہذیب و اقدار کا درس دیا ۔ مقبول ڈراموں میں ’ان کہی، تنہائیاں‘، ’کرن کہانی‘، ’دھوپ کنارے‘، ’آہٹ‘، ’دیس پردیس اور دیگر شامل ہیں۔
یکم جولائی 2021 کو اردو اور سندھی زبان کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے پاکستان کے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ علالت کے باعث 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے پی ٹی وی کے ٹاپ کلاس ڈراموں ’شمع‘ اور ’آخری چٹان‘ سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔
12 اگست 2021 کو پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں ، کئی ڈاراموں میں یادگار مزاحیہ کردار نبھائے اور دیکھنے والوں میں مسکراہٹیں بانٹیں۔ دردانہ بٹ کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، ڈگڈگی، تنہائیاں، ففٹی ففٹی، رسوائی، انتظار شامل ہیں۔
اداکار طلعت اقبال 24 ستمبر 2021 کو امریکہ میں انتقال کر گئے، 1968 میں ریڈیو پاکستان سے کیرئیر کا آغاز کرنے والے طلعت اقبال نے ٹیلی وژن کے بے شمارڈراموں میں کام کیا۔
قہقہے لٹانے والے کامیڈی کی دنیا کے بادشاہ عمر شریف 2 اکتوبر کو سب کو رلا گئے، طویل علالت کے بعد 61 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، سٹیج ڈراموں سے دنیا بھر میں بطور مزاحیہ فنکار شہرت پانے والے عمر شریف نے اداکاری کے علاوہ بطور مصنف اور ہدایتکار بھی اپنے فن کا لوہا منوایا، ’بہروپیا‘ ’بڈھا گھر پہ ہے‘ اور بکرا قسطوں پہ‘ ان کے شہرہ آفاق ڈرامے تھے ۔ کامیڈی کی دنیا میں آج بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔
اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار سہیل اصغر 13 نومبر کو 67 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کر گئے۔سہیل اصغر نے ٹی وی ڈراموں لاگ، خدا کی بستی، کاجل گھر، دکھ سکھ ، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس اور چاند گرہن میں یادگار کردار نبھا کر اپنے فن کا لوہا منوایا۔