لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں زیر التواء کیسز کی بھرمار کم نہ ہوئی۔ 2020 کے دوران جہاں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد کیسز کے فیصلے ہوئے، تاہم تاحال ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں۔ پنجاب بھر میں زیر التوا کیسسز کی تعداد 13 لاکھ تک پہنچ گئی۔
سال 2021 میں بھی لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے زیرالتواء کیسز کا بوجھ کم نہ ہوا۔ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ججز کی کمی کے باعث زیر التواء مقدمات کی تعداد 13 لاکھ تک جاپہنچی۔
ہائیکورٹ اور پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں مقرر کی گئی آسامیاں بھی پر نہ ہوئیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں 12 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔ ماتحت عدالتوں میں 150 ایڈیشنل سیشن ججز اور 600 سے زائد سول ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ 50 ہزار 8 سو نواسی مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا۔ ایک لاکھ 70 ہزار 637 مقدمات التواء کا شکار ہیں۔ 2021 کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار 553 نئے مقدمات کا اندارج ہوا۔
قانونی ماہرین کے مطابق زیر التوا مقدمات کی وجہ ججز کی کمی ہے۔ عدالتوں کے چکر لگاتے سائلین بھی صورتحال سے پریشان ہیں۔ 2021 میں جہاں ہڑتالیں مقدمات کے التوا کا باعث بنیں، وہیں کورونا نے بھی عدالتی نظام کو متاثر کیا۔