لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں زیرالتواء کیسز کی بھاری تعداد برقرار ہے، سال 2020 کے دوران جہاں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد کیسز کے فیصلے ہوئے تاہم تاحال ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں۔
سال 2021 میں بھی لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے زیرالتواء کیسز کا بوجھ کم نہ ہوا۔ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ججز کی کمی کے باعث زیر التواء مقدمات کی تعداد 13 لاکھ تک جا پہنچی۔
ہائیکورٹ اور پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں مقرر کی گئی آسامیاں بھی پر نہ ہوئیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں 12 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔ ماتحت عدالتوں میں 150 ایڈیشنل سیشن ججز اور 600 سے زائد سول ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ 50 ہزار 8 سو نواسی مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا، ایک لاکھ 70ہزار 6سو سینتیں مقدمات التوا ء کا شکار ہیں۔ 2021 کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار 5 سو تریپن نئے مقدمات کا اندارج ہوا۔ قانونی ماہرین کے مطابق زیر التوا مقدمات کی وجہ ججز کی کمی ہے۔