میدانی علاقوں میں بارش جبکہ گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا

Published On 04 January,2022 02:37 pm

سکردو: (دنیا نیوز) میدانی علاقوں میں بارش جبکہ گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا۔ لاہور، راولپنڈی، صادق آباد اور بہاولنگر سمیت کئی شہروں میں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد گلیات پہنچ گئی۔

لاہور، راولپنڈی، صادق آباد، قصور، وہاڑی میں ابررحمت برسا۔ بہاولنگر، بورے والا، منچن آباد سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ گوادر میں بادل خوب برسے، موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

سوات کے میدانی علاقوں میں بارش بالائی اور سیاحتی مقامات پر برف باری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ مری میں موسم سرما کی دوسری اور سال نو کی پہلی برفباری، سیاحوں کی موج مستیاں، کوئی برف سے کھیلا تو کوئی کھانے کا شوقین رہا۔

بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں برفباری، بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی، سکردو سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے، قومی ایئر لائن کی پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ 8 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

گلیات، ایوبیہ، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، کالام، مالم جبہ میں برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا۔ ایبٹ آباد میں دو انچ تک برفباری ہوئی، شاہراہوں پر ٹریفک متاثر، موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
 

Advertisement