لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے

Published On 04 January,2022 09:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، آسمان سے برستی بوندوں نے موسم کا مزا دوبالا کر دیا۔ گلیات، مظفر آباد میں بارش اور برفباری نے نظارے حسین بنا دیئے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کے رنگ، لاہور سمیت کئی شہروں میں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش سے موسم دلفریب ہوگیا۔ بادل برسنے سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی۔

راولپنڈی، صادق آباد، قصور، وہاڑی میں ابررحمت برسا۔ بہاولنگر، بورے والا، منچن آباد سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ گوادر میں بادل خوب برسے، موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گلیات، ایوبیہ، ڈنگا گلی، چھانگہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، کالام، مالم جبہ میں برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
 

Advertisement