اسلام آباد: (دنیا نیوز) گلیات میں بارش اور برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا۔ آزاد کشمیر میں بھی برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسے، جس کے بعد موسم سرد ہو گیا۔
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گلشن حدید، سرجانی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ، جناح ٹرمینل، نارتھ کراچی، سعدی ٹاؤن، فیصل بیس اور اورنگی ٹاؤن میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا سلسلہ وفقے وقفے سے جاری رہے گا۔
ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری نے رنگ جما دیا۔ آسمان سے چاندی برستے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کیا اور خوب انجوائے کرتے دکھائی دیئے۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تیز بارش اور برفباری کے باعث معمولات زندگی متاثر ہے، دفاتر میں حاضری کم، باغ کے بالائی علاقے تولی پیر، لسڈنہ، حاجی پیر اور گنگا چوٹی کی رابطہ سڑکیں مکمل بند ہوگئیں۔
سوات، مالم جبہ، مہوڈنڈ، کالام، گبیں جبہ میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، ہر طرف سفیدی چھا گئی، کالام میں درجہ حرارت منفی چارڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ سوات میں برف باری سے ہرطرف سفیدی چھاگئی۔