محکمہ موسمیات کی آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

Published On 30 December,2021 09:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک بھر میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہے گا۔ گلگت بلتستان میں سکردو، استور، ہنزہ اور گلگت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کوئٹہ ، قلات اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر جانے کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے آج صبح ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرار ت منفی 06، قلات منفی 07، زیارت میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 4، سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 2، گوادر میں 16 سینٹی گریڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورجزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ آواران، پنجگور، خضدار لسبیلہ، تربت سمیت مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
 

Advertisement