لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

Published On 05 January,2022 08:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ 6 جنوری تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

 

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بارش کی جھڑی، لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش، بلوچستان میں شدید بارشوں سے تباہی، بجلی کا نظام متاثر ہوگیا۔ بلوچستان میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے بعد پاک فوج متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی، متاثرین کو خوراک اور شیلٹر فراہم کر دیئے۔
جنوری میں بارشوں اور برفباری کا نیا اسپیل جاری ہے۔ اسلام، راولپنڈی، لاہور سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم دلفریب ہوگیا۔ بہاولنگر، کندیاں، قائد آباد، قصور اور دیگر کئی علاقوں میں بھی ابر رحمت برسا۔ گلیات، ایوبیہ، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔

 

وادی نیلم، مظفرآباد، کالام، مالم جبہ میں برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا۔ شگر، سوات، باغ اور گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ میں کئی فٹ تک برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی۔ چمن، قلعہ عبداللہ میں طوفانی بارش سے کچے مکانات زمین بوس ہوگئے۔ گوادر میں ایران سے سیلابی ریلے داخل ہونے سے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ بلوچستان میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور سول انتظامیہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

گوادر اور تربت کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کیا۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ پسنی، جیوانی، سربندر، نگور میں خوراک اور شیلٹرز کی فراہمی کا انتظام کیا گیا۔

 

Advertisement