گلیات، سوات، آزاد کشمیر سمیت تمام علاقوں میں برفباری، سردی میں اضافہ

Published On 05 January,2022 11:38 am

سکردو: (دنیا نیوز) گلیات میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سوات، استور، شگر، مری اور آزاد کشمیر سمیت تمام علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

سوات کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ اور گردونواح میں برفباری سے بالائی علاقوں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر ضلع استور میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ مری میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد بھی مری میں موجود ہے۔ بالائی چوٹیوں پر ڈیڑھ فٹ کے قریب برفباری ہوئی۔

آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے بالائی مقامات پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر پانچ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ وادی نیلم میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اہم شاہراہیں بھی بند ہیں۔

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک سب ڈویژن اور تحصیل شوال میں برفباری ہوئی۔ میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری سے لوگ گھروں تک محصور ہوگئے۔

شگر میں تیسرے روز بھی شدید برفباری، بالائی علاقوں میں ڈیڑھ فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔ رابطہ سڑکیں بند ہیں، شگر سے اسکردو روڈ بھی بند ہے۔
 

Advertisement