کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مکران ڈویژن میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ گوادر میں سیلابی صورتحال سے زندگی مفلوج ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں سکولوں غیر معینہ مدت کے لئے بند جبکہ سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
ضلع گوادر، کیچ اور پسنی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا گیا، نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے ابھی جاری ہے۔ کمبل، خیمے، سلنڈر، ادویات، کھانے اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل بھی شوع کر دی گئی ہے۔ امدادی کاموں کی نگرانی کے لئے پی ڈٰ ی ایم نے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آنے والے دنوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش نظر قومی اور رابطہ سڑکوں پر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے نے بھاری مشنیری پہنچا دی ہے۔