لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا۔ اسلام آباد اور لاہور میں درجنوں نئے کیسز سامنے آگئے۔ پشاور کے ایک ہی خاندان کے 4 افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
پنجاب میں اومی کرون کے 43 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔ لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 211 ہوگئی۔ اومی کرون کے 98 فیصد کیسز صرف لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید 36 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں اومی کرون کیسز کی تعداد 177 ہوگئی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 955 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 99 ہزار 848 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 85 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 46 ہزار 300، سندھ میں 4 لاکھ 84 ہزار 226، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 573، بلوچستان میں 33 ہزار 654، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 984 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 682 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 36 لاکھ 55 ہزار 230 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 585 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک12 لاکھ 57 ہزار 847 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 636 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 955 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 76، سندھ میں 7 ہزار 676، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 938، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 366، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 746 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔