کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اومی کرون کیسز کی تعداد 148 تک پہنچ گئی۔ کوویڈ کیسز کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہونے لگا۔ محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو کاروباری اوقات محدود کرنے اور تعلیمی ادارے بند کرنے کہ سفارش کر دی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں اومی کرون کے 148 کیسز ہوگئے۔ آغا خان اسپتال میں 139 اور ڈاو اسپتال میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع ساوتھ میں 39، شرقی میں 23، اٸیرپورٹ میں 21 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے علاوہ ملیر، کورنگی، غربی اور سینٹرل میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔ تصدیق شدہ کیسز 101 اور مشتبہ کیسز کی تعداد 47 ہے۔
دوسری جانب کوویڈ کے کیسز میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے کاروباری اوقات محدود کرنے کی حکومت سندھ کو سفارش کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف اضلاع میں اسکولز بند کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دو تین روز میں فیصلہ متوقع ہے۔
کراچی میں کورونا کےمثبت کیسز کی شرح 8.91 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز2650 لوگوں کے ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 236 لوگ کووڈ پوزیٹو سامنے آَئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نیا تعلیمی سال یکم اپریل 2022 سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے رواں سال 2022 میں تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق شیڈول تیار کر لیا گیا۔ محکمہ تعلیم کی تفصیلات کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات 10 سے 20 مارچ تک ہوں گے جبکہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 10 مئی سے شروع ہوں گے۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 18 جون سے لٸے جاٸیں گے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال شارٹ سلیبس کے تحت امتحانات لئے گئے لیکن رواں سال مکمل سلیبس میں سے امتحان لیا جائے گا۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 945 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 865 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 630 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 45 ہزار 630، سندھ میں 4 لاکھ 83 ہزار 165، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 498، بلوچستان میں 33 ہزار 648، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 823 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 672 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 35 لاکھ 58 ہزار 972 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 198 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 57 ہزار 355 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 641 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 945 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 75، سندھ میں 7 ہزار 673، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 933، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 365، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 746 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔